نیوزی لینڈکی کرکٹ ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری فتح


Published 10:14 PM Oct 13 2023


چنئی(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس) چنئی آئی سی سی ورلڈکپ کے 11ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 245رنز بنائے جسے نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔چنئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیشی اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، میچ کی پہلی ہی گیند پر لٹن داس صفر پر پویلین لوٹے جبکہ تنزید حسن 6، مہدی حسن میراز 30 اور نجم الحسن 7، توحید ہردوئے 13، تسکین احمد 11 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے پانچویں وکٹ کیلئے 96 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم شکیب 40 اور مشفق الرحیم 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بنگلہ دیش نے پورے اوور کھیلتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 251 رنز کا ہدف دے دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے دو دو، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کریں۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ کیویز کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹیم کو فتح کے ٹریک پر لائیں۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ریچن رویندرا 9اور ڈیون کانوے 45 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کپتان ولیمسن 78اور ڈیرل مچل 89سکور بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔