فلسطین ریلی پر تنقید: برطانوی وزیر داخلہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا


Published 12:00 AM Nov 14 2023


فلسطین ریلی پر تنقید: برطانوی وزیر داخلہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا لندن(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)وزیرِ اعظم رشی سونک نے اپنی کابینہ میں بطور وزیر داخلہ ذمے داریاں انجام دینے والی سویلا بریورمین کو وزارت سے بر طرف کر دیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ سویلا بریورمین کو ملک میں فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مارچ سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر تنقید کا سامنا تھا، برطانوی وزیرِ داخلہ کی برطرفی کابینہ میں بڑے رد و بدل کا آغاز ہے۔ سویلا بریورمین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پولیس فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں پر پابندی نہ لگا کر تعصب کر رہی ہے جس پر شدید تنقید کی گئی تھی اور ان سے استعفے کے مطالبات بھی سامنے آئے تھے۔ کنزرویٹو پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم طویل مدتی فیصلوں کے لیے حکومت میں اپنی ٹیم مضبوط کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم رشی سونک روشن مستقبل کے لیے طویل مدتی فیصلے چاہتے ہیں۔ دوسری جانب برطانوی وزیرِ اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ جیمز کلیورلی کو وزیرِ داخلہ مقرر کردیا گیا ہے، برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون وزیرِ خارجہ بنیں گے، کابینہ میں رد و بدل کے لیے ڈاؤننگ سٹریٹ میں میٹنگ جاری ہے۔